برازیلیا(سپورٹس ڈیسک )برازیل میں جاری ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام کو پہنچ گیا ہے اور الجزائر کی ٹیم دوسرے مرحلے میں پہنچنے والی آخری ٹیم بنی ہے۔فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار الجزائر کی ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔گروپ ایچ میں پہلے میچ میں روس اور الجزائر کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے الجزائر کو یہ میچ برابر جبکہ روس کیلیے جیتنا لازمی تھا۔ الجزائر اب دوسرے راؤنڈ میں اس ورلڈ کپ کو جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیموں میں شامل جرمنی کا سامنا کرے گا۔گروپ ایچ کے دوسرے میچ میں پہلے ہی دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جانے والی بیلجیئم نے جنوبی کوریا کو ایک گول سے شکست دی۔ بیلجیئم کا اگلے راؤنڈ میںمقابلہ امریکہ سے ہوگا۔ پری کوارٹر فائنل رائونڈ کا پہلا میچ پانچ مرتبہ کی فاتح برازیل اور چلی کی ٹیموں کے درمیان بیلو ہوریزونٹ کے مقام پر کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ کولمبیا اور یوروگوئے کی ٹیموں کے درمیان ریوڈی جنیرو کے مقام پر کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگا۔