لاہور (وقائع نگار خصوصی) منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے باہر سکیورٹی بیریئر ہٹانے پر سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ، موجودہ وزیر قانون رانا مشہود، چیف سیکرٹری پنجاب اور گلو بٹ سمیت 21 افراد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار میاں جاوید اقبال نے موقف اختیار کیا ہے کہ 2011 میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ڈاکٹر طاہر القادری اور منہاج القرآن سیکرٹریٹ کی حفاظت کے لئے مناسب اقدامات کرنے کا حکم دیا جس پر اس وقت کے ایس پی ماڈل ٹاون کی مشاورت سے سکیورٹی بیریئر لگائے گئے۔ درخواست گزار کے مطابق سکیورٹی بیریئر لگانے سے علاقہ مکینوں کو مکمل تحفظ حاصل ہوا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عدالتی احکامات پر لگائے گئے سکیورٹی بیرئیر ہٹانے کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا جس سے 14 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر رانا ثناء اللہ، رانا مشہود، چیف سیکرٹری پنجاب، سی سی پی او لاہور ، ڈی سی او لاہور اور گلو بٹ سمیت 21 افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔