کراچی (اے این این) بھارت نے 158پاکستانی ہندوئوں کو شہریت ، 3733کو طویل المدتی بھارتی ویزا جاری کر دیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت نے ستمبر 2014میں خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا جس کے بعد سے پاکستانی ہندو شہریوں میں 158کو بھارتی شہریت اور 3733کو طویل المدتی ویزا دیا ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ٹاسک فورس نے ملک کے 26اضلاع کے 26کیمپوں میں رواں برس مئی تک1681 شہریت اور1665 طویل المدتی ویزا درخواستوں کی منظوری دی ہے، جس میں سے158 پاکستانی شہریوں کو بھارتی شہریت دی گئی اور اسی مدت تک3733 پاکستانی شہریوں کو طویل المدتی ویزا دیا گیا ہے۔ طویل مدت کے لئے ویزا دینے کے لئے حکومت کے سامنے ہزاروں زیر التوا درخواستیں ہیں۔ گزشتہ برس ستمبر میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شہریت اور ایل ٹی وی درخواستوں کی پروسیسنگ کی نگرانی تیز کرنے کے لئے جوائنٹ سیکرٹری (غیر ملکیوں) کے تحت ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی تھی۔ جودھپور، جیسلمیر، بیکانیر اور جے پور جیسے شہروں میں تقریبا 400 پاکستانی ہندو پناہ گزین بستیوں میں ہیں۔