کوئٹہ (این این آئی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں عوام کی خدمت کرنا ڈاکٹروں کا فرض ہے۔ امید ہے ڈاکٹر دوردراز علاقوںمیں جاکر عوام کی خدمت کرینگے۔ یہ انسانیت کی خدمت ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ اور دیگر صوبائی وزراءعوام کی جو خدمت کر رہے ہیں، میں اس پر انکو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ رات کوئٹہ کلب میں محکمہ صحت کے زیراہتمام ہونیوالی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت فریضہ ہے جسے ہمیں بلاامتیاز ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا یہ خوشی کی بات ہے کہ کوئٹہ میں بھی سرکاری ہسپتالوںمیں امراض قلب کے آپریشن شروع ہوگئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تھا تو اسوقت محکمہ صحت سمیت تمام اداروں کا بیڑہ غرق ہوچکا تھا۔ ہم یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ ہم نے 100 فیصد کامیابی حاصل کی ہے تاہم پہلے سے بہت بہتر ہے۔ مخلوط حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے میں امن وامان صحت تعلیم پر زیادہ توجہ دی جائے تاکہ لوگوں کی خدمت کی جاسکے۔
جنرل ناصر جنجوعہ
بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں عوام کی خدمت ڈاکٹروں کا فرض ہے: کمانڈر سدرن
Jun 28, 2015