دمشق (اے ایف پی+صباح نیوز) وسطی شام میں چیک پوسٹوں پر داعش کے جنگجوﺅں کے حملوں میں 48فوجی مارے گئے، بتایا جاتا ہے 2گھنٹے کی جھڑپ کے بعد شیخ ہلال گاﺅں میں جنگجوﺅں نے چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیا، ادھر کرد ملیشیا کے ارکان نے داعش کے جنگجوﺅں کو کوبانی سے باہر نکال دیا اور ترکی کی سرحد کے نواحی قصبے کا کنٹرول واپس لے لیا، کوبانی میں ہلاکتیں 200سے بڑھ گئیں، جھڑپیں جاری ہیں، ہیومن رائٹس آبزرویئری کے مطابق (کردش پیپلزپروٹیکشن یونٹس) کے ارکان سے لڑائی میں داعش نے متعدد کارکن ہلاک ہوگئے۔ ادھرجنوبی شامی علاقے درعا میں شامی فوج کے ایک فضائی حملے میں 11عام شہری ہلاک ہو گئے ۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شامی طیاروں نے دھماکا خیز مواد سے بھرے کنٹینرز اردن کی سرحد کے قریب سرحدی کراسنگ کے قریب گرائے۔ نصیب کراسنگ پر چند روز قبل القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکری گروہ النصرہ فرنٹ نے قبضہ کر لیا تھا۔ واضح رہے کہ درعا ہی وہ شہر ہے، جہاں 2011 میں پہلی بار حکومت مخالف تحریک کا آغاز ہوا تھا، جو بعد میں پورے ملک میں پھیل گئی۔
شام : چوکیوں پر حملے‘ 48فوجی ہلاک : کرد ملیشیا نے کوبانی کا داعش سے قبضہ چھڑا لیا
Jun 28, 2015