غزہ( اے این این )فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کا محاصرہ توڑنے کے لیے سرگرم اتحاد نے بتایا ہے کہ "فریڈم فلوٹیلا 3 " میں شامل چار بحری جہازوں کا ایک قافلہ یونان کی "کریت" بندرگاہ سے اسرائیلی ناکہ بندی کے شکار غزہ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق "فریڈم فلوٹیلا 3 " کی انتظامیہ میں شامل "انسداد معاشی ناکہ بندی غزہ" کے رکن رامی عبدہ نے گذشتہ شام غزہ میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ فریڈم فلوٹیلا 3 میں شامل چار بحری جہاز یونان کی کریت بندرگاہ سے غزہ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں جبکہ پانچواں بحری بیڑہ جلد ہی ان کے ساتھ شامل ہوجائے گا۔رامی عبدہ نے کہا کہ غزہ کی پٹی سے "فریڈم فلوٹیلا" کشتیاں امدادی جہازوں کے استقبال کے لیے غزہ کے ساحل پرموجود ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بین الاقوامی آبی گذرگاہ اور بندرگاہ کے قیام میں مدد کرے اور اہل غزہ کا عالمی برادری سے رابطہ ممکن بنائے۔
فریڈم فلوٹیلا