لاہور (وقائع نگار خصوصی) جسٹس سید منصور علی شاہ آج ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیں گے۔ ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ لاہور ہائیکورٹ کے45 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب آج صبح دس بجے گورنر ہائوس میں ہوگی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیں گے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ15ستمبرکو عدالت عالیہ کے جج بنے۔ انہوں نے آئینی، انتظامی، انسانی حقوق اور ماحولیاتی استحکام کے حوالے متعدد فیصلے جاری کئے جن میں بیشتر کو ناصرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔ جسٹس منصور عدالت عالیہ لاہور اور ضلعی عدلیہ میں ریفارمر جج کے طور پر جانے پر جاتے ہیں۔ انہوں نے عدالت عالیہ لاہور اور ضلعی عدلیہ میں کیس مینجمنٹ سسٹم اور جدید کورٹ آٹومیشن کا نظام بھی متعارف کروایا۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کیا اور عدلیہ کی تاریخ میں پہلی بار عدالت عالیہ لاہور کے تمام افسروں اور ملازمین کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ وہ پنجاب میں مصالحتی و ثالثی نظام کے نفاذ پر کام کر رہے ہیں، جس سلسلہ میں لاہور میں اے ڈی آر سنٹر بہت جلد کام شروع کر دے گا۔ چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج آج ساڑھے بارہ بجے کام شروع کریں گے۔ حلف برداری تقریب کے بعد نئے چیف جسٹس عدالت عالیہ کے ججز کے ساتھ انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جسٹس منصور علی شاہ آج چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
Jun 28, 2016