بھارتی میزائل ٹیکنالوجی کی برآمد پر کنٹرول کے معاہدے کارکن بن گیا چین کو اب تک رکنیت نہیں ملی

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت میزائل ٹیکنالوجی کی برآمد پر کنٹرول کے معاہدہ میزائل ٹیکنالوجی رجیم (ایم ٹی سی آر) کا رکن بن گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی مکمل رکنیت عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کے عدم پھیلائو کی اقدار کو فروغ دینے میں سود مند ثابت ہوگی۔ وزارت خارجہ کے سیکرٹری ایس جے شنکر نے فرانس کے بھارت کے لئے نامزد سفیر الیگزینڈر زیگلر، ہالینڈ کے سفیر الفونسس سٹوایلینگا اور لکسمبرگ کے ناظم الامور لورے ہوبرٹی کی موجودگی میں رکنیت کی دستاویزات پر دستخط کئے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے رکنیت کی حمایت کرنے پر 34 ممالک کا شکریہ اداکیا ہے واضح رہے بھارت ایم ٹی سی آر کا 35 واں رکن ملک ہے۔ اس سے قبل بھارت چین اور چند دیگر ممالک کی سخت مخالفت کے باعث نیوکلئر سپلائی گروپ کی رکنیت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ واضح رہے چین کو ابھی ایم ٹی سی آر کی رکنیت نہیں ملی۔ رکنیت کی چینی درخواست ابھی زیرغور ہے۔ بعض بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کیلئے اپنی ایم ٹی سی آر کی رکنیت کو سودے بازی کے حربے کے طور پر استعمال کرسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن