تاجر برادری کی مشاورت سے ٹیکس اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے: شیخ ارشد

Jun 28, 2016

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہاہے کہ تاجروں کے مسائل حل کرنے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کے لیے تاجر برادری کی مشاورت سے ٹیکس اصلاحات متعارف کروانے کی اشد ضرورت ہے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات متعارف کرائے بغیر ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ممکن نہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بینک اکاﺅنٹس تک رسائی، کو بینکوں سے لین دین پر ٹیکس عائد کرنے جیسے غیر منطقی اقدامات سے گریز کرنا اور ٹیکس دہندگان کو مراعات دینا ہونگی تاکہ لوگ خود بخود ٹیکس نیٹ میں آنے پر آمادہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام ٹیکس نیٹ کی وسعت میں حائل ایک بڑی رکاوٹ ہے جبکہ ٹیکس اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات، چھاپے اور بینک اکاﺅنٹس تک رسائی جیسے اقدامات جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں۔ ۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے، مارکیٹوں میں چھاپے اور بینک اکاﺅنٹس تک رسائی روکنے کا اعلان کرے ۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا ہے کہ توانائی کی قلت ، فوڈ سکیورٹی، قحط اور سیلابوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کالاباغ ڈیم اشد ضروری ہے لہذا اس کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جائے۔ ایک بیان میں عہدیداروں نے کہا کہ صرف کالاباغ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے معیشت کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق کالاباغ ڈیم سے نوشہرہ کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ ڈیم میں پانی کی سطح سے ڈیڑھ سو فٹ بلند ہوگا۔

مزیدخبریں