لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ خبر نگار) شطرنج کے عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے بھارت جانے والی 14 رکنی ٹیم کو پاکستان سپورٹس بورڈ سے این او سی نہ ملنے کو جواز بنا کر واہگہ بارڈرپرروک لیاگیا جس پرپاکستان چیس فیڈریشن نے شدیداحتجاج کیا ہے۔ پاکستان چیس فیڈریشن کی 14 رکنی ٹیم بھارت جانے کے لیے دوستی بس کے ذریعے لاہورکے واہگہ بارڈرپہنچی تو وہاں امیگریشن حکام نے چیس ٹیم کوکلیئرنس دینے سے انکارکردیا، ٹیم میں انٹرنیشنل و گرینڈ چیس ماسٹر محمود لودھی، عالمی سطح پر کم عمر ترین شطرنج چیمپئن کے طور پر پاکستان کا نام روشن کرنےوالی مہک گل اورچیس فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل وقار احمد مدنی اور دیگر آفیشل شامل ہیں۔وقاراحمد مدنی نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین نے پاکستان کی شطرنج کی ٹیم کو کامن ویلتھ چیس چیمپئن شپ میں شرکت سے روکنے کیلئے ایف آئی اے کو خط لکھا ہے، سینیٹر کلثوم پروین کے دباو¿ پر امیگریشن حکام نے بغیر وجہ کے پاکستان چیس فیڈریشن کی سربراہی میں بھارت جانےوالی پاکستانی ٹیم کو واہگہ بارڈر پر
روک لیا ہے۔ سینیٹر کلثوم پروین کے خط پر امیگریشن حکام نے چھان بین اور تحقیق کے بغیر ہی قومی شطرنج ٹیم کے آئینی حقوق سلب کر لیے ہیں، ہمارے پاسپورٹ، ویزے اور دستاویزات ٹھیک ہیں، دعوت نامہ ہمارے پاس ہے پھر کیوں روکا گیا ہے سمجھ سے بالاترہے ، ہمارے اپنے یہ سلوک کریں گے امید نہیں تھی۔وقار احمد مدنی نے کہا شطرنج کی قومی ٹیم کو واہگہ بارڈر پر بلاوجہ روک کر کھیل دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے، سینیٹر کلثوم پروین اور ایف آئی اے کے اس عمل سے پاکستان کی دنیا میں سبکی ہو رہی ہے، کسی بھی شہری کو اس طرح ٹریول کرنے سے روکنا بنیادی انسانی حقوق اور آئین کے آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے، پاکستانی کھلاڑی شطرنج کھیلنے اور ملک کا نام روشن کر نے بھارت جارہے ہیں۔ا شطرنج کے چھوٹے چھوٹے کھلاڑی بچے، بچیوں کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں نہ ہی وہ بلیک لسٹ ہیں، پھر کیوں روکا جا رہا ہے۔ سینیٹر کلثوم پروین خود ساختہ چیس فیڈریشن بنا کر اپنی ٹیم بھارت لے کر جانا چاہتی ہیں۔اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ شطرنج کے عالمی مقابلوں میں جانے والے کھلاڑیوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی۔بین الاقوامی دورے کیلئے این او سی لینا لازمی ہوتا ہے جبکہ14 کھلاڑیوں میں سے کسی نے بھی شطرنج فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ سے این او سی نہیں لیا۔
چیس چیمپئن شپ کیلئے بھارت جانیوالی پاکستانی ٹیم کو واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا
Jun 28, 2018