اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان لیگی رہنما دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ (آج)جمعرات کو سنائیگی ¾ عدلیہ مخالف بیانات پر عدالت عظمیٰ نے دانیال عزیز کے خلاف کیس کا فیصلہ 3 مئی کو محفوظ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جج مسٹر جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ 3 مئی کو محفوظ کیا تھا جو (آج)جمعرات کو سنایا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیر کیخلاف عدلیہ مخالف بیانات پر نوٹس لیا تھا۔توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رانا وقار نے دانیال عزیز کے خلاف دلائل میں کہا تھا کہ عدلیہ کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں، تین تقاریر کے علاوہ بھی مواد موجود ہے ¾دانیال عزیز نے بیان دیا کہ نگران جج نے ریفرنس تیار کروائے ¾توہین عدات کا معاملہ عدلیہ اور ملزم کے مابین ہے لہذا عدلیہ جو مناسب سمجھے فیصلہ کرے۔ دانیال عزیز کے وکیل نے دلائل میں کہا تھا کہ ان کے موکل عدالتی توہین کے مرتکب نہیں ہوئے، عدالت عظمیٰ ایک آئینی ادارہ ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاتھا کہ دانیال عزیز پر فردِ جرم عدالتی فیصلوں پر تنقید کرنے پر عائد نہیں کی، نجی ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کے نکات کی تردید نہیں کی گئی جبکہ اظہارِ رائے کی آزادی پر بھی توازن ہوتا ہے، موچی گیٹ پر جو بات کی جاتی ہے وہ پارلیمنٹ کے فلورپر نہیں ہو سکتی۔
دانیال عزیز/ فیصلہ
سپریم کورٹ دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ آج سنائیگی
Jun 28, 2018