اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اگلے ماہ منعقد ہونے والے عام انتخابات میں سلامتی کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی اور کہا ہے کہ ملک کے دفاع و سلامتی سے توجہ ہٹائے بغیر انتخابات کے انعقاد کیلئے قومی اداروں کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مختصر بیان کے مطابق گزشتہ روز جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمشن سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ یہ قومی فریضہ مکمل ذمہ داری کے ساتھ ملکی دفاع اور ملک کو درپیش بین الاقوامی سلامتی کے چیلنجوں سے غافل ہوئے بغیر ادا کیا جائے گا۔ کانفرنس میں ملک و خطے کی سکیورٹی صورت حال اور آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دو روز پہلے آرمی چیف نے نگران وزیراعظم سے ملاقات کی تھی اور باور کیا جاتا ہے کہ اس موقع پر انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے فوج کی معاونت کے موضوع پر بات ہوئی۔
کور کمانڈرز