راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ،اللہ اکبر تحریک کے نامزد 05 امیدواروں کوراولپنڈی کے مختلف انتخابی حلقوں کے پارٹی ٹکٹ جاری کردیے گئے۔ قومی اسمبلی کے01 جبکہ صوبائی اسمبلی پنجاب کے08 اُمیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں۔ صدر کے مقامی ہال میں منعقدہ تقریب میں ملی مسلم لیگ راولپنڈی کے صدر رانا عبدالرحمان نے نامزد اُمیداورں میں پارٹی ٹکٹ تقسیم کیے ۔ جن حلقوں سے اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 61سے فہیم رضا بٹ ،جبکہ صوبائی اسمبلی کے جن حلقوں سے اللہ اکبرتحریک کے ٹکٹ جاری کئے گئے ان میں پی پی 15 ملک شہزاد یاسین، پی پی 16 سے افتخارشاہ المعروف عفی شاہ ،پی پی 18 سے زاہد خان اور حلقہ پی پی 11 سے راجہ عدنان کو اللہ اکبرتحریک کے پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ۔ ملی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں این اے 61 کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ راولپنڈی کے صدررانا عبدالرحمان ،امیدوار قومی اسمبلی فہیم رضا بٹ ودیگر نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ اب ووٹر کا تقدس پامال نہیں ہونے دے گی۔ووٹر کو ان کے حقوق ملیں گے۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان میں لاالہ الااللہ کی سیاست کا راج چلے گا۔سیاست کے نظام کی اصلاح کرنے کے لئے ہم میدان میں آئے ہیں۔اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہونا یا سیٹوں کو جیتنا ہمارا ہدف نہیں۔لوٹ مار ،کرپشن اورمفادات کی سیاست کرنے والوں کو اپنا انداز بدلنا پڑے گا۔اب پاکستان میں نظریہ پاکستان اور خدمت کی سیاست کرنے والے ہی کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ہم پاکستان کے خلاف اندرونی وبیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم پارٹی بازری،فرقہ واریت ،دھڑے بندی کا منشور لے کر نہیں آئے بلکہ اتحاد کا منشور لے کر آئے ہیں۔ہم نے نفرتوںکو ختم اور محبتوں کو رواج دینا ہے۔ملی مسلم لیگ نے اپنے منشور میں اس بات کا عزم کیا ہے کہ نوجوانوں کو دفاع پاکستان کے لئے تیار کریں گے۔
ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ،اللہ اکبر تحریک کے نامزد 5 امیدواروں کوٹکٹ جاری
Jun 28, 2018