کراچی (اسٹاف رپو رٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم نے نالوں کی صفائی اور مرمت پر کام شروع کردیا ہے مجموعی طور پر 41 نالے صاف کیے جارہے ہیں، نالوں کی صفائی میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، نالوں پر قائم تجاوزات ہر حال میں گرائیں گے، بارش کے بعد نالوں کا بڑا سول ورک شروع کریں گے، کام درست نہ ہوا تو ٹھیکیدار کو فارغ کردیں گے، آخری بار کہہ رہا ہوں پی ٹی سی ایل،واٹر بورڈ،کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی اپنے پائپ نالوں سے ہٹالیں، سپریم کورٹ نے پابند کیا تھا کہ نالوں میں کچرا نہیں آنا چاہیے،یہ بات انہوں نے سپریم کورٹ کے احکامات پر واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس امیر ہانی مسلم کے ہمراہ نالوں کی صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی،وائس چیئرمین سید شاکر علی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ڈائریکٹر جنرل ورکس اقتدار احمد، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشداور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ گجر نالے کو کے ڈی اے سے لے کر کے ایم سی کو دینا تھا جس کا نوٹیفکیشن تاحال نہیں ہوا، بڑے نالوں کو ہم کلئیر کریں گے چھوٹے نالے ضلعی میونسپل کارپوریشنز صاف کریں گی، انہو ںنے کہا کہ نالوں پر جو چوکنگ پوائنٹ بن رہے ہیں وہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حصے میں آتے ہیں لہٰذا یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ ان چوکنگ پوائنٹس کا خاتمہ کریں تاکہ نالے میں پانی کے بہائو کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکیں، انہو ںنے کہا کہ نالوں کی صفائی اور سول ورک کی مکمل نگرانی کررہے ہیں ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ یہ کام اس طرح کیا جائے کہ دوبارہ ہر سال اسے دھرانے کی ضرورت نہ پڑے اور نالوں کو ایک ہی مرتبہ اچھی طرح صاف کردیا جائے اور ان کی دیواروں کی تعمیر و مرمت کاکام بھی تسلی بخش ہو تاہم اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پابند کیا ہے کہ پکوان کا کچرا بھی نالوں میں نہیں آنا چاہیے ، میں اس کام کی خود مانٹرنگ کروں گا، انہو ںنے کہا کہ ٹھیکیدار کے پاس مشینری کم ہے لہٰذا فوری طورپر مزید مشینری منگوائی جائے تاکہ یہ کام تیز رفتاری سے ہوسکے۔
نالوں کی صفائی شروع‘ تجاوزات ہر حال میں گرائیں گے: میئر کراچی
Jun 28, 2018