اپوزیشن کیساتھ دھاندلی ہوئی جس پر احتجاج کیا گیا،نفیسہ شاہ،حناربانی

Jun 28, 2019

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان اسمبلی نفیسہ شاہ اور حنا ربانی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ دھاندلی ہوئی جس پر ہم نے سپیکر کے رویئے کے خلاف احتجاج کیا ہے ، قومی اسمبلی میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے مطالبات زر پر 90سے زیادہ کٹوتی کی تحریکوں پر نہ بحث کرائی گئی نہ ووٹنگ کرائی گئی ، یہ بجٹ کی دھاندلی ہے ، جبکہ دو اپوزیشن ارکان اسمبلی میں موجود نہیں تھے جو ہمیں ووٹ دیتے، ڈنر میں جانے کی خاطر بجٹ کے عمل کو ختم کردیتے ہیں، یہ تو آمرانہ انداز ہوگیا ، پورے بجٹ کے عمل کے دوران اپوزیشن نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ۔ ان خیالات کا اظہارجمعرات کو پارلیمنٹ ہائو س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنمائوں نفیسہ شاہ اور حنا ربانی کھر نے کیا ۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ اور بلوچستان کو ٹڈی دل نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے خدشہ ہے کہ پوری کی پوری فصلیں تباہ ہوجائیں گی ، آدھا پاکستان اس کی لپیٹ میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس پہلا قدم ہے اور یہ اپوزیشن کی کامیابی ہے کہ مختلف سیاسی جماعتیں اکھٹی ہوئیں اور سب مسائل پر بحث کی گئی ، سینیٹ چیئرمین کے حوالے سے بھی بات ہوئی ۔اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی ہورہی ہے جبکہ ای سی سی نے 390ارب روپے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

مزیدخبریں