اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)خصوصی عدالت کے ججز کے نہ آنے پر سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے خلاف سنگین غدار ی کیس کی سماعت 23جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ گزشتہ سماعت پر خصوصی عدالت نے ملزم پرویز مشرف کی جانب سے کیس کو التوامیں رکھنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کا حق دفاع ختم کر دیا تھا۔ فاضل عدالت نے کیس ٹرائل آگے بڑھانے کیلئے وزارت قانون سے پرویز مشرف کیلئے سرکاری وکیل مقرر کرنے کے لیئے وکلاء کا پینل (نام)طلب کیئے تھے، خصوصی عدالت کا کہنا تھا کہ عدالت پرویز مشرف کے دفاع کے لئے خود وکیل مقررکرے گی۔ رجسٹرار آفس کے ذرائع کے مطابق وزارت قانون کی جانب سے سرکاری وکیل کے لیئے چھ وکلاء کے ناموں کہ فہرست خصوصی عدالت میں جمع کروادی گئی ہے ان میں سید علی ظفر ، ایڈووکیٹ شاہ خاور ، ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی ، ایڈووکیٹ راجہ عامر عباس ، اشفاق احمد شاہ اور طاہر ملک شامل ہیں۔بینچ کی سربراہ جسٹس طاہرہ صفدر جسٹس شاہد کریم اور جسٹس نذیر اکبر کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی مزید سماعت 23جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔
ججز نہ آئے، مشرف کے خلاف غداری کیس کی سما عت 23 جولائی تک ملتوی
Jun 28, 2019