لاہور (نیٹ نیوز) ذرائع کے مطابق پہلے برطانیہ کی عدالت میں طے ہوگا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف مقدمہ سیاسی نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کی وطن واپسی میں برطانوی قوانین آڑے آ گئے ہیں۔ ایم او یو بھی کام نہ آیا۔ پاکستان کو ثابت کرنا ہوگا کہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم نہیں کیا گیا۔ برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اسحاق ڈار کو حوالے کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی سیاسی پناہ سے متعلق فیصلہ بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ برطانیہ کے ساتھ ایم او یو صرف اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے کیا گیا تھا۔ برطانیہ نے ایم او یو پر دستخط کرتے وقت قانونی تقاضے پورے کرکے اسحاق ڈار کو حوالے کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب مقدمات میں مفرور اور عدالتوں کو مطلوب سابق وفاقی وزیر خزانہ کی پاکستان حوالگی میں وکاوٹیں سامنے آگئیں۔ برطانوی حکام کے مطابق پاکستان کو پہلے برطانوی عدالت میں ثابت کرنا ہوگا کہ مقدمات سیاسی بنیادوں پر نہیں بنائے گئے اس کے بعد برطانوی عدالت طے کرے گی کہ اسحاق ڈار کو پاکستان کے حوالے کرنا ہے یا نہیں۔ برطانوی حکومت نے فوری حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے۔
اسحاق ڈار کی واپسی میں برطانوی قوانین رکاوٹ، ایم او یو کے باوجود پاکستان کو ثابت کرنا ہوگا مقدمہ سیاسی بنیاد پر نہیں بنایا: ذرائع
Jun 28, 2019