لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی و پارلیمانی امور کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی اسمبلی میں قومی بجٹ بے حیثیت اور بے وقار بنادیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے مسلط کردہ بجٹ پر بحث لاحاصل ہے ،دوسری طرف حکومت بجلی ، گیس ، تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھا رہی ہے۔ ڈالر ، سونا ریکارڈ مہنگاہوگیاہے۔ ڈالر کی خریداری مارکیٹ سے حکومت کر رہی ہے اسی وجہ سے سارا بوجھ عوام پر بڑھ گیاہے۔ حکومت مخالف تحریک غیر متوقع طور پر جلد زور پکڑ سکتی ہے۔ عوام میں اب باعزت زندگی گزارنے کے راستے مسدود ہیں۔لاہور میں عوامی وفود اور بلوچستان کے طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی لاہور ، فیصل آباد میں کامیاب عوامی مارچ ، اسلام آباد میں قومی بجٹ کانفرنس کے بعد 30 جون کو کراچی میں عوامی مارچ میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کر ے گی۔ حکمران ہمیشہ اپوزیشن احتجاج کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ تیار کردہ مخالفانہ حکومتی بیان داغ دئیے جاتے ہیں لیکن ہمیشہ زمین حکومت کے پا?ں کے نیچے سے کھسک ہی جاتی ہے۔ اس حکومت کے پائوں تو زمین پر نہیں ، عوام کی گردن پر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوںنے جو فیصلے کیے ہیں ان پر عملدرآمد کرنا اب ان کی ذمہ داری ہے۔
آئی ایم ایف کے مسلط کردہ بجٹ پر بحث لاحاصل ہے :لیاقت بلوچ
Jun 28, 2019