لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان فٹ سال فیڈریشن نے قومی کھلاڑی مبشر رفیق سنجرانی کو آئندہ دو سال کیلئے معطل کر دیا ہے۔ پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عدنان سمیع نے کہاکہ مبشر رفیق سنجرانی پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے خلاف غیرآئینی اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں جس پر پاکستان فٹ سال فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی نے مبشر رفیق سنجرانی کو دوسال کیلئے معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔ ڈسپلنری کمیٹی کا اجلاس زیرصدارت چوہدری منظور احمد منعقد ہوا۔ ڈسپلنری کمیٹی کے اس فیصلے کی پاکستان فٹ سال فیڈریشن کی مجلس عاملہ نے گذشتہ روز اپنے ایک اجلاس میں توسیع کردی ہے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ مبشر رفیق سنجرانی اب آئندہ دو سال تک فٹ سال کی کسی بھی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ واضع رہے کہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن نے مبشر رفیق سنجرانی کو رواں سال اپریل کو فیڈریشن کے چیئرمین کے سامنے اپنے دفاع میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا جس پر مبشر سنجرانی چیئرمین کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ پاکستان فٹ سال فیڈریشن نے مبشر سنجرانی کا کیس فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش کیا جس پر یہ کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
قومی فٹ سال کھلاڑی مبشر رفیق سنجرانی دو سال کیلئے معطل
Jun 28, 2019