سرکاری زمین الاٹ کیس:سپریم کورٹ نے مجرمان کی سزا کے خلاف اپیلیں مستردکردیں

Jun 28, 2019 | 13:00

ویب ڈیسک

 چیف جسٹس آف  پاکستان نے سرکاری زمین الاٹ کیس میں مجرمان کی سزا کیخلاف اپیلیں مسترد کر دیں ۔ جمعہ کو چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جعلی این او سی کے ذریعے سرکاری زمین الاٹ کرنے کے مجرمان کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔ نیب وکیل نے بتایا کہ زمین کی الاٹمنٹ سے 430 ملین کا نقصان ہوا۔مجرمان کے وکیل نے کہا کہ اپیلیں واپس لے لیتے ہیں بس عدالت سزا کم کردے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے  کہ مختیارکارسرکاری زمین کے نگہبان تھے اور زمین کے محافظوں نے 21 ایکڑزمین کسی کو دے دی، اس قسم کے جرم میں پانچ سال سزا کم ہے، پانچ سال سزا تو کسی کو لکڑی یا پتھر مارنے پر سنا دی جاتی ہے۔ مجرم خادم حسین کے وکیل نے کہا کہ الاٹ زمین واپس ہو گئی تھی۔چیف جسٹس نے کہا کہ چور پکڑے جانے پر رقم واپس کر دیتا ہے، تو کیا اس سے جرم ختم ہو جاتا ہے؟، خادم حسین نے عہدہ سنبھالنے کے پانچ دنوں میں یہ کارنامہ سر انجام دے دیا، کیوں نہ مجرمان کو سزائیں بڑھانے کا نوٹس دیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آج کل کرپشن کیخلاف عدالتوں کا رویہ بڑا سخت ہے، پہلے کبھی منشیات اور دہشت گردی کیسز میں عدالتوں کا رویہ بڑا سخت ہوتا تھا، آج کل سرکاری اداروں میں کرپشن کیسز پرعدلیہ کا رویہ ایسا ہے۔سپریم کورٹ نے سماعت کے بعد مجرمان کی سزا کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں۔ خادم حسین اورمشتاق علی نے کراچی کے علاقے ملیر میں سرکاری زمین نجی شخص کو الاٹ کرنے کا جعلی این او سی (اجازت نامہ)جاری کیا تھا۔ احتساب عدالت نے پانچ سال قید کی سزا سنائی اور ہائیکورٹ نے سزا برقرار رکھی تھی.

مزیدخبریں