لاہور(کامرس رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات میں زبردست اضاہ کے بعد شہری شدید پریشان رہے کہ مہنگائی کا ایک نیا طوفان آنے کے بعد وہ کس طرح سے گزر اوقات کر سکیں گے۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ کارو باری ذرائع کے مطابق اشیاء خورونوش سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں 10فیصد سے زائد اضافہ ہو گا۔ تاجروں نے بتایا کہ ہفتہ کے روز مارکیٹیں بند ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا تاہم پیر کے روز قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد برائلر گوشت کی قیمت میں ایک ہی روز میں 7روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا۔ برائلر گوشت کی قیمت 7روپے اضافے سے 255روپے جبکہ زندہ برائلر مرغی 5روپے اضافے سے176روپے فی کلو رہی۔ فلور ملزایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5روپے جبکہ 10کلو آٹے تھیلے کی قیمت میںڈھائی روپے تک اضافہ ہو جائے گا، جس سے 20کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت 1035 روپے سے بڑھ کر 1040 روپے اور 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 525 روپے سے بڑھ کر 50۔527 روپے ہو جائے گی۔ پرچون سطح پر ایک کلو چینی کی قیمت جو اس وقت 80سے 85روپے ہے جو بڑھ کر 82روپے سے 87روپے تک ہو جائے گی۔ گھیب ڈیلرز کے مطابق 16کلو درجہ اول گھی کی پیٹی اور 16کلو درجہ سوئم گھی کی پیٹی کی قیمت میں بھی 100روپے تک ہو جائے گا۔ جس سے 16کلو درجہ اول گھی کی پیٹی کی قیمت 3350سے بڑھ کر 3450روپے جبکہ 16کلو درجہ سوئم گھی کی پیٹی کی قیمت 3050سے بڑھ کر 3150روپے ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مصالحہ جات کی قیمتوں میں پانچ فیصد جبکہ دالوں کی قیمتوں میں بھی پانچ سے سات فیصد تک اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب سرکاری نرخنامے میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھائو دیکھا گیا تاہم دکانداروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے قیمتیں بڑھا دیں اور بیشتر علاقوں میں من مانے نرخوں پر فروخت جاری رکھی گئی۔ آلو نیا کچا چھلکا 72روپے کی بجائے80روپے فی کلو، پیاز درجہ اول 28روپے کی بجائے35سے40، ٹماٹر درجہ اول43روپے کی بجائے50روپے، لہسن دیسی160روپے کی بجائے200سے220روپے، لہسن چائنہ140کی بجائے190سے200روپے، ادرک چائنہ295کی بجائے340سے350روپے، کھیرا دیسی 44روپے کی بجائے50روپے، لہسن ہرنائی 205 کی بجائے 240سے 250روپے، میتھی114روپے کی بجائے130روپے، پھول گوبھی79کی بجائے85روپے، سبز مرچ اول57کی بجائے70روپے، لیموں دیسی95کی بجائے130روپے، بھنڈی75کی بجائے85سے90روپے، اروی78کی بجائے90روپے فی کلو فروخت ہوا۔ سیب کالا کولو پہاڑی درجہ اول260کی بجائے300روپے، خوبانی پیلی 150کی بجائے180روپے، سیب سفید اول180کی بجائے220سے230روپے، کیلا درجہ اول155کی بجائے180روپے، کیلا درجہ دوئم125کی بجائے140روپے، آلو بخارا 150کی بجائے220روپے، آم سہاری 80کی بجائے100روپے، آم چونسہ155کی بجائے 180روپے، آم سندھڑی 120کی بجائے140، آم دوسہری105کی بجائے 130 سے 140، آڑو 110روپے کی بجائے150سے 170روپے فی کلو میں فروخت ہوا۔
ملتان/ وہاڑی (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کے خلاف ملتان میں بھی احتجاجی مظاہرے، اضافہ واپس لینے کا مطالبہ۔ یوتھ ونگ کے زیر اہتمام چوک کمہارانوالہ پر لیگی متوالوں نے گلے میں سوکھی روٹیاں ڈال کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس موقع پر انڈوں پر کرپٹ حکمرانوں کے نعرے لکھ کر گو نیازی گو کے نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی صدر عبدالرحمان فری نے کی مسلم لیگ ن نواز لورز یوتھ ونگ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت کرتے ہوئے خالد بھٹہ نے کہا موجودہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ غریب عوام کے ساتھ بھی مذاق کیا ہے۔ دریں اثناء وہاڑی میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مرکزی انجمن تاجران، سول سوسائٹی، رکشہ ڈرائیوز اور شہریوں سے حکومت کے خلاف انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر طاہر شریف گجر اور شیخ عبدالرحمنٰ منا کا کہنا تھاکہ ابھی تک بجٹ بھی منظور نہیں ہوا اور حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت جھوٹ بول کر عوام کا خون چوس رہی ہے۔ پہلے اشیاء خورونوش اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر غریب عوام کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اضافہ واپس لیا جائے ورنہ عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔ مظاہرین نے سینہ کوبی کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
کئی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں: آٹا 5، چینی 2 روپے کلو مہنگی ہو گی، برائلر 7 روپے کلو مہنگا
Jun 28, 2020