اسد عمر، عمران اسماعیل کی ملاقات، دعا ہے حکومت 5 برس پورے کرے: پیر پگارا

Jun 28, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کی جس میں اتحادی امور پر گفتگو کی گئی۔ اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے چینی مافیا کے خلاف کارروائی کی۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کوشش ہے ایک سال میں گرین لائن چل پڑے۔ پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ دعا ہے کہ حکومت 5 سال پورے کرے۔اسد عمر نے کہا کہ کراچی پانی کو ترس رہا ہے‘ کے فور منصوبے کی رپورٹ سندھ حکومت کے پاس موجود ہے‘ امید ہے سندھ حکومت جلد رپورٹ وفاق کو بھیجے گی۔ پیر پگارا سے ملاقات میں سندھ کے مسائل پر بات ہوئی۔ سندھ حکومت اپنے مخالفین پر دباؤ ڈالتی رہی ہے۔ وزیراعظم ملک کے ہر حصے اور ہر زبان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ملکی مفاد کی خاطر کام کرنے والے دباؤ کے باوجود کھڑے ہوئے ہیں۔ فواد چودھری کے انٹرویو سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی جو ذکر کر رہے تھے۔ مجھے اس کا نہیں پتہ موجودہ کابینہ ماضی کی کابینہ سے بہت مختلف ہے جس میں ہر کسی سے مشاورت اور تجویز لی جاتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کنگری ہاؤس سے ہمیشہ محبت ملتی ہے‘ پیرپگارا سے ہمیشہ سیاسی رہنمائی حاصل کی ہے۔ ہم یہاں جب بھی آتے ہیں قیاص آرائی شروع ہو جاتی ہیں کہ روٹھوں کو منانے آئے ہیں لیکن یہ وہ گھر ہے جو کبھی ہم سے نہیں روٹھا۔ سندھ کے معاملات پر ہمیشہ پیر پگارا سے مشاورت کی وہ بڑے آدمی ہیں ڈانٹ بھی دیں تو گلہ نہیں ہوگا۔ مویشی منڈیاں لگنے سے کرونا کے مزید پھیلاؤ کا خطرہ ہے‘ ملک میں سیاسی نہیں بلکہ فلاحی تبدیلی آ رہی ہے۔ وفاق صوبے کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں