اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شدید ردعمل دیکھتے ہوئے حکومتی ترجمانوں کو حقائق عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا معاشی اور توانائی ٹیم سے رابطہ ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بتایا جائے۔ وزراء کو بھارت اور خطے کے دوسرے ممالک سے تقابلی جائزہ رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق وفاقی وزراء آج پریس کانفرنس کر کے تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان پارٹی رہنماؤں کے اختلافات اور اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے سرگرم ہو گئے۔ انہوں نے اتوار کو پی ٹی آئی اور اتحادی پارلیمنٹیرینز کو عشائیہ پر مدعو کر لیا۔ عشائیہ میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری اور پارٹی امور پر مشاورت ہو گی۔ وزیراعظم اتحادیوں اور پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات سنیں گے۔ وزیراعظم عمران خان بجٹ منظوری کیلئے تمام اراکین کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرینگے‘ عشائیہ میں وفاقی وزراء معاونین مشیر شریک ہونگے۔ وزیراعظم عمران خانے گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اور حکومتی اتحادی اسلم بھوتانی کو آج ملاقات کے لئے بلا لیا جس میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، این ایف سی ایوارڈ کمیشن سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہو گی۔ اسلم بھوتانی اس سے پہلے صدر مملکت کی جانب سے جاوید جبار کو این ایف سی ایوارڈ کمیشن کے لئے بلوچستان سے بطور ممبر نامز دکرنے کے معاملے کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر چکے ہیں اور ہائیکورٹ نے کمیشن کے ارکان کی تقرری کے طریقہ کار کو کالعدم قرار دیدیا تھا۔
وزیراعظم پارٹی رہنمائوں میں اختلافات، اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے سرگرم، آج عشائیہ پر مدعو کر لیا
Jun 28, 2020