لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) لاڑکانہ میں محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرس کی عدم توجہ کے باعث کھوڑو اسپورٹس کامپلیکس کا ہاکی گرائونڈ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، تین ماہ سے بجلی کی عدم فراہمی، جلی ہوئی بجلی کی تاریں اور پانی پائیپس کی مرمت نہ ہونے کے باعث ہاکی آسٹروٹرف تباہ ہونے کا خدشہ، ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مسائل حل کرنے کی اپیل کردی، تفصیلات کے مطابق بالائی لاڑکانہ شہر کے سچل کالونی میں واقع کھوڑو اسپورٹس کامپلیکس کی بجلی گزشتہ تین ماہ سے منقطع کی گئی ہے جبکہ بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث بجلی کی تاریں اور پانی پائیپ کی بھی تاحال مرمت نہ ہونے کے باعث ہاکی گرائونڈ کا آسٹروٹرف تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے جس معاملے کا محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرس کی جانب سے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے جس کے باعث لاڑکانہ میں ہاکی کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں میں سخت مایوسی پھیل گئی ہے، اس حوالے سے لاڑکانہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل غلام علی مہر نے بتایا کہ ہم نے متعدد بار محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرس سمیت متعلقہ افسران کو معاملے کے متعلق آگاہی دی تاہم ان کی جانب سے کوئی بھی خاطر خواہ جواب نہیں دیا گیا، انہوں نے بتایا کہ بجلی تین ماہ سے منقطع ہے جبکہ بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث بجلی کی تاریں اور پائیپس جلی ہوئی جن کی مرمت نہ ہونے کے باعث ہاکی گرائونڈ کا آسٹروٹرف ناکارہ ہونے کے خدشات ہیں، انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرس کے صوبائی وزیر و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر بجلی کی فراہمی بحال کرنے، بجلی کی جلی ہوئی تاریں اور پائیپ درست کرنے کے متعلق اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان کھلاڑی کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
بجلی کی تاریں اور پانی کے پائپ کی مرمت نہ ہونے کے باعث ہاکی آسٹروٹرف تباہ ہونے کا خدشہ
Jun 28, 2020