پاکپتن (نمائندہ نوائے وقت) پنچایت نے پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کی بہن کو لڑکی کے بھائی ساتھ ونی کر دیا، متاثرہ لڑکی کے مطابق پنچایت نے اسلحہ کی نوک پر 60 سالہ شخص کے ساتھ نکاح پڑھایا، متاثرہ لڑکی ملزمان کے چنگل سے بھاگ نکلی۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں 73 ڈی کی رہائشی نازیہ بی بی کے بھائی نے یسمین بی بی کے ساتھ لومیرج کی جس پر بااثر افراد کی پنچایت نے لو میرج کرنیوالے لڑکے کی بہن نازیہ بی بی کو لڑکی کے 60سالہ بھائی کے ساتھ ونی کر دیا۔ 60 سالہ شخص نے پہلے سے ہی دو شادیاں کر رکھی ہیں۔ دوسری جانب لومیرج کرنیوالی لڑکی کے ورثاء نے تھانہ ملکہ ہانس میں اغواء کا مقدمہ درج کرا دیا۔ درخواست ڈی پی او آفس سے آنے کے باوجود ملکہ ہانس پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نہ درج کیا۔ پولیس نے درخواست کے ایک گواہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او ملکہ ہانس نے ٹیلی فونک موقف میں بتایا کہ موصول ہونیوالی درخواست پر انکوائری کر رہے ہیں۔
پاکپتن: پنچائت نے پسند کی شادی کرنے پر لڑکے کی بہن کو ونی کر دیا
Jun 28, 2020