پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں تاریخی اضافہ ظلم ہے، زبیر طفیل

Jun 28, 2020

کراچی (کامرس رپورٹر)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی اضافہ کرکے معاشی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ا س سے قبل حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں کمی سے اشیاء خردونوش میں قیمتوں میں کمی کرانے میں بھی ناکام رہی، اور اچانک حالیہ اضافہ سے صنعتکار اور عوام حکومت سے مایوس ہو گئے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ساتھ صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکریٹری جنرل زبیر طفیل نے اپنی گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے عوام کو مہنگائی میں کمی کرکے ریلیف پہنچاتی پھر پیٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ کرنے کا راستہ بھی اختیار کرسکتی تھی۔ اوگرا کی سفارش کے بغیر قیمتوں میں اضافہ سے ہر طبقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کورونا کے باعث پہلے ہی معاشی سرگرمیاں اوربے روزگار ی میں اضافہ ہو رہا تھااور اچانک پیڑولیم مصنوعات کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی تیزی سے بڑھے گی جس کا یہ ملک متحمل نہیں ہوسکتا ۔ زبیر طفیل نے کہا کہ 30جون کا انتظار کئے بغیر قیمت بڑھا کر حکومت نے معیشت کیلئے بے شمار مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ عوام کے بہتر مفاد میں اور معیشت کی بقاء کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ پر نظر ثانی کی جائے ۔

مزیدخبریں