اسلام آباد: مسلم لیگ قائداعظم نے آج وزیراعظم کی جانب سے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ رہنما مصروفیات کی وجہ سے نہیں آ رہے، بجٹ کی منظوری میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آج ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے عشائیہ میں بجٹ منظوری سمیت دیگر پارٹی امور پر مشاورت ہو گی۔ وزیر اعظم اتحادیوں اور پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات سنیں گے۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بجٹ کی منظوری میں حکومت کو مکمل سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی اتحادی جماعت ہے، ایک وزیر بھی کابینہ کا حصہ ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے وزیراعظم سے ملاقات میں ایک مزید وزارت نہ ملنے پر بھی وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
دوسری جانب ق لیگ نے وزیراعظم کے عشائیے میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان ق لیگ کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما مصروفیات کی بنا پر عشائیہ میں شریک نہیں ہو رہے۔ واضح رہے وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ق کی قیادت سے رابطہ کر کے عشائیے میں شرکت کی باضابط دعوت دی تھی۔