نارووال (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران نیازی نے حسد میں سپورٹس سٹی نارووال کے بقایا 10 فیصد کے فنڈز روک رکھے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے مجھے صرف اس لئے اڈیالہ جیل میں بند کیا کہ نارووال میں سپورٹس کا اتنا بڑا منصوبہ کیوں لگا۔ احسن اقبال نے عمران خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کے منصوبے کو روکنے پر وہ ان کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے اور ان کو جیل بھیجیں گے۔ سیکرٹری جنرل ن لیگ نے کہا کہ نیب کا ریفرنس کہتا ہے اتنا بڑا منصوبہ نارووال میں کیوں بنایا گیا اس سٹیڈیم میں 14 مختلف کھیلوں کی تربیت دی جانا تھی اگر 3 سال قبل اس سپورٹس سٹی کے بقایا 10 فیصد فنڈز نہ روکے جاتے تو آج یہاں درجنوں کھلاڑی پیدا ہو کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے عمران نیازی کے سیاسی انتقام نے اس منصوبے کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے کل بنی گالہ کی تصویر دیکھی جہاں وہ کھیلوں سے دوستی کا پیغام دے رہے تھے۔
نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ روکنے پر عمران کیخلاف ریفرنس دائر کروںگا: احسن اقبال
Jun 28, 2021