کارگو فیری سروس میں کاروباری مواقع کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں، علی زیدی 

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت):وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ ملک میں کارگو فیری سروسز کے قیام میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لئے ایک بہت بڑا موقع ہے۔اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن )پی این ایس سی( انتظامی  اور افرادی قوت کے سلسلہ میں خدمات فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز حج، عمرہ اور زیارت پیکجز کو ڈیزائن اور مارکیٹ کرسکتے ہیں ، سب کیلئے یکساں مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت بحری امور، پی این ایس سی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اشتراک سے بلیو اکانومی سے استفادہ کیلئے ملک میں سمندری سیاحت ، ساحلی علاقوں کی  ترقی اور مسافروں کے ساتھ ساتھ کارگو فیری سروس کے شعبوں میں کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ ایک بڑی آبادی، علاقائی اور بین الاقوامی رابطوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر پاکستان کے اندر اور دیگر ممالک کیلئے کارگوفیری سروسز کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی اور بین الاقوامی یا دونوں روٹس پر کارگوفیری سروسز کے شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں اور آپریٹرز سے پی این ایس سی نے  تجاویز طلب کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن