کابل (انٹرنیشنل ڈیسک + نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے، مزید 7 اضلاع پر قبضہ کر لیا۔ ادھر امریکی ڈرون حملوں،جھڑپوں میں24گھنٹے میں 248 طالبان جنگجو مارے گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے یہ قبضے صوبہ وردک، تخار، قندھار اور بلخ کے اضلاع پر کئے۔ طالبان نے حکومتی فورسز کی طرف سے چھوڑی گئی فوجی گاڑیوں پر بھی قبضہ کر لیا۔ مزید کئی علاقوں میں طالبان اور افغان حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ ادھر صوبہ قندھار میں امریکی ڈرون حملوں میں 55 طالبان جنگجو مارے گئے ہیں۔ ترجمان وزارت دفاع نے کہا کابل سمیت مختلف صوبوں میں248 طالبان مارے جبکہ137 زخمی ہو گئے۔ تازہ ترین پیش قدمی طالبان کی جانب سے کابل کے نواح میں کی گئی ہے جہاں طالبان نے کابل کے دو قریبی اضلاع پر قبضہ کرلیا جبکہ کابل کے قریب ترین شہر چاریکار پر قبضے کیلئے جنگ جاری ہے۔ افغان ٹی وی کے مطابق طالبان نے کابل سے ملحقہ صوبے پروان کے دو اضلاع سیاہ گرد اور شنواری پر گزشتہ کچھ روز کے دوران قبضہ جمالیا ہے اور اب وہ کابل سے 63 کلومیٹر دور چاریکار شہر پہنچ چکے ہیں۔ چاریکار میں طالبان اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس کے علاوہ طالبان کی جانب سے کابل سے 50 کلومیٹر دور درہِ غوربند پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر غوربند کے درے پر توجہ نہ دی گئی تو بہت جلد طالبان چاریکار شہر میں داخل ہو جائیں گے۔ چاریکر میں مسافر بس پر بم حملے میں 13 زخمی ہو گئے۔ صوبہ قندوز میں جنگ کے باعث ہزاروں افراد کی نقل مکانی جاری ہے۔
طالبان کابل کے قریب ، مزید7اضلاع پر قبضہ: ڈرون حملے، جھڑ پیں،248ہلاک
Jun 28, 2021