اسلام آباد(خبرنگار خصوصی )یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پر وزیراعظم ریلیف پیکچ میں چھ ماہ توسیع کی سمری تیار کرلی گئی جو منظوری کیلئے پیر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پر چینی-آٹا-گھی-دالوں اور چاول پر تیس جون کے بعد بھی سبسڈی جاری رکھنے کی تجویز ہے۔وزارت صنعت و پیداوار سمری منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرے گی۔ریلیف پیکچ کے تحت پانچ بنیادی اشیا پر آئندہ چھ ماہ یعنی یکم جولائی سے اکتیس دسمبر دو ہزار اکیس تک توسیع کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر ریلیف پیکچ کی مدت رواں ماہ تیس جون کو ختم ہورہی ہے تاہم منظوری میں تاخیر کے باوجود پانچ بنیادی اشیا پر سبسڈی جاری رکھی جائے گی اور بعد ازاں بھی منظوری لی جاسکتی ہے-یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹھ جنوری دوہزار بیس سے مسلسل پانچ بنیادی اشیا پر سبسڈی دی جارہی ہے۔حکام کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر ڈیڑھ سال سے چینی کی قیمت اڑسٹھ روپے اور گھی کی قیمت ایک سو ستر روپے فی کلو جبکہ آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت آٹھ سو روپے مقرر ہے۔وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر پیکچ کیلئے اکہتر ارب روپے منظوری کئے تھے۔ذراہع کے مطابق مالی گنجائش نہ ہونے کے باوجود وزیر اعظم نے شہریوں کو بنیادی اشیا کی قیمتوں میں ریلیف دینے کیلئے یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکچ دیا۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکچ میں 6 ماہ توسیع کی سمری تیار
Jun 28, 2021