اسلام آباد +ملتان(نوائے وقت رپورٹ+جنرل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جبکہ یہ ایک ٹیکنیکل فورم ہے۔ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی طور پر استعمال کر رہا ہے۔ افغانستان کے امریکی افواج کے انخلاء کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ افغانستان میں بڑھتی کشیدگی تشویش کا باعث ہے۔ جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بھارت میں یورینیم ملنے کے معاملے کو ایف اے ٹی ایف میں اٹھانے سے متعلق سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے یہ مدعا مختلف فورمز پر اٹھایا ہے لیکن اگر اس قسم کا واقعہ خدانخواستہ پاکستان میں ہوتا تو بھارت کے میڈیا نے اس کو آسمان تک لگادینا تھا اور عالمی میڈیا نے اس کو سرخیاں بنادینا تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے میڈیا نے اس پر وہ توجہ نہیں دی جو دینی چاہیے تھی، اب یہ ہماری ترجیحات اور ان کا تعین دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے بلکہ درخواست ہوگی کہ یہ بہت بڑی بات ہے اور اس پر میڈیا کو پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنا چاہیے، اسے ہماری مدد ہوگی۔ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ تمام تعصبات سے بالاتر ہے، پی ٹی آئی عوام سے جنوب پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی، علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، وسیب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے ان کی بروقت تکمیل ضروری ہے، ترقیاتی فنڈز منصوبوں پرخرچ کرنے کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔