لاہور(نیوزرپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان ترقی وخوشحالی کی منزل طے کرے۔ اپوزیشن ٹولہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو پس پشت ڈالا ہوا ہے۔ عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان عناصر کے ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا، پی ڈی ایم کے غیر فطری اتحاد کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ اپوزیشن عناصر کا دامن کرپشن سے آلودہ ہے۔ مایوسی کا شکار پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ عمران خان عوامی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ پہلی بار بڑے لوگوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ ماضی میں جن لوگوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں۔ عمران خان نے کرپشن کے بت پاش پاش کئے۔ لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کیلئے پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے، ملک و قوم کے مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے رہبر نہیں راہزن ہیں ، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ یونٹ بنایا جائے گا۔ محکموں کو 31 جولائی تک غیر منظور شدہ سکیموں کو منظور کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ سکیموں کا مکمل ٹائم فریم مرتب کیا جائے گا۔560 ارب روپے کا ایک روپیہ بھی لیپس نہیں ہونے دیں گے۔سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنائیں گے۔تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام کی ذاتی مانیٹرنگ کروں گا۔ وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارنے سینئر اداکارہ بیگم خورشید شاہد کے ا نتقال پر دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے اور کہا ہے کہ بیگم خورشید شاہد اداکاری میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتی تھیں۔بیگم خورشید شاہد مرحومہ کے یاد گار ڈرامے آج بھی پرستار نہیں بھولے۔