سپریم کورٹ کراچی: نسلہ ٹاور گرانے کے فیصلے پرنظر ثانی کی درخواستیں دائر

Jun 28, 2021 | 14:05

ویب ڈیسک

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور گرانےکے فیصلے پرنظر ثانی کی درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔بلڈر اور مکینوں نے سپریم کورٹ سے نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کی ہے۔

درخواست گزار وکیل بیرسٹر صلاح الدین احمد کا کہنا ہے کہ نسلہ ٹاورکی اراضی اور اضافی زمین قانون کے عین مطابق ہے۔ سپریم کورٹ نسلہ ٹاور گرانے کے فیصلے پر عمل روکے۔

نسلہ ٹاور بلڈر اور مکینوں کی جانب سے الگ الگ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔سولہ جون کو سپریم کورٹ نے کراچی میں نسلہ ٹاور گرانے کے عدالتی حکم پر بلڈر کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمارت گرانے کا حکم دیا تھا۔انیس جون کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے تفصیلی فیصلے میں نسلہ ٹاور کو فوری طور پر گرانے اور الاٹیز کو 3 ماہ کے اندر رقم واپس کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

اس سے قبل آٹھ اپریل کو چیف جسٹس گلزار احمد نے شارع فیصل اور شاہراہ قائدین کے سنگم پر قائم کثیر المنزلہ رہائشی عمارت نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے پلاٹ کی لیز بھی منسوخ کردی تھی۔ بلڈر کی جانب سے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی گئی تھی۔

مزیدخبریں