برطانوی حکومت نے کہاہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ انگلینڈ کے بس اسٹاپ سے خفیہ دفاعی دستاویزات کیسے برآمد ہوئیں۔ان خفیہ دستاویزات میں اس جنگی جہاز کی نقل و حرکت کا خاکہ درج تھا جس کے باعث کریمیا کے ساحل سے دور روس نے انتباہی فائر کیے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی وزارت دفاع نے کہا کہ ایک ملازم نے اسے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ یہ دستاویزات غائب ہوگئی ہیں جس کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔شمالی آئرلینڈ کے وزیر برینڈن لیوِس نے بتایا کہ ایسا نہیں ہونے دینا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کی اس وقت اطلاع دی گئی تھی جبکہ صورتحال کی اندرونی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ایک گمنام شخص نے بتایا کہ انہیں جنوبی انگلینڈ میں کینٹ کے ایک بس اسٹاپ کے پیچھے سے 50 صفحات پر مشتمل درجہ بند دستاویزات ملیں۔ ان دستاویزات میں برطانوی ایچ ایم ایس ڈیفینڈر کے لیے ممکنہ روسی ردعمل کے حوالے سے بات کی گئی تھی، یہ جنگی جہاز کریمیا کے ساحل سے دور یوکرائن کے پانیوں میں سفر کر رہا تھا۔روس نے بدھ کو کہا تھا کہ اس نے اپنے علاقائی پانیوں کی خلاف ورزی پر بحیرہ اسود میں نیوی کے ایک جہاز پر انتباہی گولیاں چلائی تھیں۔
برطانیہ میں بس اسٹاپ سے خفیہ دفاعی دستاویزات برآمد
Jun 28, 2021 | 16:54