لاہور(سٹی رپورٹر) سرکاری محکموں سے کورونا ویکسینیشن سے متعلق رپورٹ طلب کر تے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کی ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔یہ ہدایت انہوں نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں کورونا وباء کی صورتحال، ویکسینیشن کی رفتار اور ویکسیئن کے سٹاک کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کا خاتمہ ایس او پیز پر عملدر آمد اور ویکسینیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق ویکسینیشن کے ٹارگٹس کو پورا کیا جائے گا، واک ان ویکسینیشن کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسیئن لگانا ہے۔ا نہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو حکم دیا کہ ویکسینیشن سینٹرز پر لوگوں کی سہولت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو ملازمین کو لگائی گئی ویکسیئن سے متعلق ڈیٹا بھجوانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
محکمہ صحت کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا وباء کی صورتحال قابو میں ہے تاہم چوتھی لہر کا خطرہ موجود ہے۔ صوبے میں ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اورہفتے کے روز دو لاکھ سے زائد افراد کو ویکسیئن لگائی گئی۔ صوبے میں مجموعی طور پر 80لاکھ سے زائد افراد کو ویکسیئن لگائی جا چکی ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔