کوئٹہ(بیورورپورٹ) سابق گورنر بلوچستان و پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ یوتھ ونگ پی ٹی آئی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے نوجوانوں نے مستقبل میں پارٹی کے امور چلانے ہیں یوتھ ونگ بلوچستان کے کارکن پارٹی قائد عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں ،امپورٹڈ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی میں مصروف ہیں عوام نے امپورٹڈ حکمرانوںکو مسترد کردیا ہے اور عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔یہ بات انہوں نے انصاف یوتھ ونگ کے عہدیداروں اورکارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں یوتھ ونگ کوئٹہ ریجن کے صدر سعید اللہ خان کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے صدر نظرزدران، ژوب ریجن کے صدر کمانڈر نور کاکڑ، کوئٹہ ریجن کے جنرل سیکرٹری عزیز خان کاکڑ، مرکزی لیبر ونگ نائب صدر لالا رشید کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے سینئر نائب صدر ابراہیم کاکڑ، فائیو زدران، طارق عزیز ناصر،سید جہانگیر شاہ آغا،ڈاکٹر سلیمان شاہ،دین محمد آغا عمران خان،باری داد اچکزئی،ڈاکٹر سلیمان سلیمانخیل اوردیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیااور بلوچستان میں انصاف یوتھ ونگ کی تنظیم سازی اور ڈسپلن کو سراہا گیا۔ سید ظہور آغانے کہا کہ یوتھ ونگ تحریک انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے ملک کی آبادی کا نصف حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ہمیں نوجوانوں کی بہتر تربیت کرکے انکی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کارلاناہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے پونے چار سال کے اقتدارکے دوران ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا لیکن ملک دشمن عناصر کو یہ ترقی و خوشحالی برداشت نہیں ہوئی اورانہوں نے سازش کرکے پی ٹی آئی کی حکومت کو ختم کرکے امپورٹڈ اورچور حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے ۔