مانانوالہ( نامہ نگار)مانانوالہ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وزیر اعظم کے جاری کردہ امدادی پیکج کی رقوم کی ادائیگیوں میں گھپلوں کا انکشاف، دکانداروں کے روپ میں نوسر باز مستحق خواتین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے اور لاکھوں کی دیہاڑیاں لگانے میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مانانوالہ میں متعدد دکانداروں نے ڈیٹا ڈیوائسز حاصل کر رکھی ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چودہ ہزار اور وزیر اعظم کے جاری کردہ امدادی پیکج کے دو ہزار روپے لینے والی خواتین سے مختلف ہیلے بہانوں سے ایک ہزار سے پانچ ہزار روپے تک غیر قانونی کٹوتی کر رہے ہیں۔قبل ازیں کئی خواتین نے دکانداروں کیخلاف تھانہ مانانوالہ میں درخواستیں بھی دیں مگر پولیس نے با اثر دکانداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی۔ انجمن حقوق شہریاں مانانوالہ کے صدر حکیم محمد افتخار اور چوہدری امجد شکیل راہی، ماسٹر طفیل و دیگر نے ڈی سی شیخوپورہ سمیت ارباب اختیار سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔