اسلام آباد ؍ کراچی ؍ بیجنگ (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے اندر تمام ڈومیسٹک پروازوں‘ ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔ سول ایوی ایشن نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ نئی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اندرون ملک فضائی سفر کرنے والے افراد فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو افراد جاں بحق ہو ئے۔ 382 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی جبکہ انتہائی نگہداشت میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 87 پہنچ گئی جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 13 ہزار 412 ٹیسٹ کئے گئے اس طرح مثبت شرح 2.85 فیصد رہی۔ سندھ میں کرونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 6.17 فیصد رہی۔ کے پی میں 1.15 فیصد پنجاب میں 1.17 فیصد اور آزاد کشمیر میں 2.94 فیصد رہی۔ کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 22.65 فیصد حیدر آباد میں 0.32 فیصد مردان میں 2.44 فیصد اسلام آباد میں 2.31 فیصد لاہور میں 2.76 فیصد پشاور میں 3 فیصد راولپنڈی میں 1.05 فیصد سرگودھا میں 1.64 فیصد مظفر آباد میں 6.25 فیصد ایبٹ آباد میں 4.17 فیصد اور نوشہرہ میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ ادھر وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کرونا کا شکار ہو گئے۔ خورشید شاہ کو ایک روز پہلے بخار اور کھانسی کی شکایت تھی۔ گزشتہ روز خورشید شاہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد خورشید شاہ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ بیجنگ میں کوویڈ 19- کی وباء ختم ہونے کے بعد پرائمری اور مڈل سکول 50 روز بند رہنے کے بعد دوبارہ کھل گئے۔ اس دوران طلباء نے ایک فاصلے سے تعلیمی سلسلہ جاری رکھا۔