آئندہ الیکشن میں مافیا کو شکست دینی ، نو جوانوں کی ضرورت ہے: عمران 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور 2 جولائی کو مہنگائی کے خلاف پریڈ گرائونڈ میں جلسے کی کال پر غور کیا گیا۔ اجلاس نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور زیر غور آئے۔ اجلاس نے پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران حکمران اتحاد کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی شکایات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سیاسی کمیٹی نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والا جوش و خروش امپورٹڈ سرکار کے پیدا کردہ فسطائیت زدہ ماحول میں امید کی کرن قرار دیا۔  عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران حکمران اتحاد کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی شکایات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نااہل، نالائق اور بدنامِ زمانہ امپورٹڈ مجرموں کی فسطائی حکومت کیخلاف بھرپور تحریک ملک و قوم کے مستقبل کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ معاشرے کا ہر طبقہ خصوصاً نوجوان اور خواتین میں سیاسی شعور متاثر کن سطح تک پہنچ چکا ہے۔ باشعور عوام کا پرجوش ردعمل امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کیلئے خوف کی علامت بن چکا ہے۔ دریں اثناء ایک بیان میں عمران خان کی جانب سے پاکستان کے نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں آپ کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی، 30 سالوں سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا، دو خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی اور اس لئے اقتدار میں لائے گئے تا کہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں، 1100 ارب روپے کی چوری پر خود کو این آر او دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن