کراچی +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ +نمائندہ خصوصی) سندھ بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا پلڑا تاحال بھاری ہے۔ 2 ہزار 288 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ جیالے آگے ہیں۔ جی ڈی اے 65 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ جے یو آئی 43 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سندھ کے گزشتہ روز ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے غیر سرکاری‘ غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 6 ہزار 277 سیٹوں میں سے 2 ہزار 455 کے نتائج سامنے آ گئے جن کے مطابق پی ٹی آئی صرف 13 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر سکی ہے جبکہ آزاد امیدوار 40 نشستیں جیت چکے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کو تاریخی شکست دی۔ سندھ کے ہر ضلع میں بڑی اکثریت سے فتح حاصل کی ہے۔ لاڑکانہ میں پی پی تمام ٹائونز اور ڈسٹرکٹ کونسل میں کامیاب ہوئی۔ مخالفین نے پی پی کے خلاف جتنے بھی اتحاد بنائے‘ تمام پاش پاش ہوگئے۔ لاڑکانہ میں تاریخی فتح کے بعد میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل کا چیئرمین پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ شہری علاقوں کی میونسپل کمیٹیوں میں اب تک کل 354 میں سے 309 نشستوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں پیپلز پارٹی 244 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے بعد جی ڈی اے 22، آزاد امیدوار 20، پاکستان تحریک انصاف 14 ، جے یو آئی ف 7 جب کہ دیگر جماعتوں نے 2 نشستیں جیتیں۔ ایم کیو ایم نواب شاہ کے شہری علاقوں سے کوئی نشست نہ جیت سکی۔ ادھر سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، میرپورخاص اور سانگھڑ سمیت 14 اضلاع کی ٹاؤن کمیٹیوں میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی جہاں 694 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی نے اب تک 426 نشستیں جیت لی ہیں۔ جی ڈی اے 65، آزاد امیدوار 62 اور تحریک انصاف صرف 10 نشستیں لے سکی جب کہ جے یو آئی ف 8 اور دیگر جماعتوں نے 12 نشستیں جیتیں۔ پیپلز پارٹی نے ٹاؤن کمیٹی نواب شاہ کی56 میں سے 36 نشستیں جیت لیں تاہم ایم کیو ایم نواب شاہ کے شہری علاقے سے کوئی نشست نہ جیت سکی ہے۔ ٹاؤن کمیٹی میرپور خاص کی 69 میں سے 68 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے۔ نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 53 نشستیں اپنے نام کر کے واضح برتری حاصل کرلی جب کہ 7 نشستیں جیت کر آزاد امیدوار دوسرے اور 4 نشستیں جیت کر ایم کیو ایم تیسرے نمبر پر رہی۔ ٹاؤن کمیٹی سانگھڑ میں اب تک 67 میں سے 45 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے 32 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں جب کہ سانگھڑ میں واضح اثر رکھنے والی جی ڈی اے اب تک صرف 8 نشستیں جیت سکی ہے۔ ٹاؤن کمیٹی کشمور میں بھی پیپلز پارٹی نے شاندار فتح حاصل کی جہاں اب تک 39 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے پیپلز پارٹی نے 32 نشستیں جیت لیں۔ ٹاؤن کمیٹی سکھر کی تمام 17 نشستوں کے نتائج آ گئے جس میں پیپلز پارٹی 11، آزاد امیدوار 3 اور پی ٹی آئی نے 2 نشستوں پر کامیابی سمیٹی جب کہ جی ڈی اے ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ نوشہرو فیروز کی کل 82 میں سے 75 نشستوں کے نتائج آ گئے جن میں سے 57 نشستیں پیپلز پارٹی نے حاصل کیں جب کہ آزاد امیدوار 13، مسلم لیگ (ن)، جی ڈی اے ، ایم کیو ایم اور دیگر نے ایک، ایک نشست لی۔ ٹاؤن کمیٹی شکار پور کی 32 میں سے 28 نشستوں کے نتائج آ گئے ، یہاں بھی پیپلز پارٹی 14 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی، جی ڈی اے 4 اور جے یو آئی ف 3 نشستیں حاصل کرسکی ہیں۔ ٹاؤن کمیٹی قمبر شہداد کوٹ کی کل 46 میں سے 36 نشستوں کے نتائج آ گئے جن میں سے 26 نشستیں پیپلز پارٹی، 9 آزاد امیدوار اور جے یو آئی ف ایک نشست پر جیتنے میں کامیاب رہی۔ ٹاؤن کمیٹی تھرپارکر کی تمام 26نشستوں کے نتائج آ گئے ان میں سے 19نشستوں پر پیپلز پارٹی، 4 پر آزاد امیدوار اور 3 پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔ ٹاؤن کمیٹی عمرکوٹ کی تمام 36 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے جس کے مطابق ان میں سے 28 نشستیں پیپلز پارٹی، جی ڈی اے 6 اور جے یو آئی ف ایک نشست جیت سکی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی تاریخی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی عوام کے اعتماد کا عکاس ہے۔ الیکشن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں اور ان کی کامیابی کو یقینی بنانے والے جیالوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ملک بھر میں کامیابی کا جھنڈا گاڑیں گے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں منتخب ہونے والے تمام جیالے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے 14 اضلاع میں جیالے امیدواروں کی واضح کامیابی عوام کا تیر پر اعتماد ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو آج الیکشن کمشن میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق 21 جون کو منع کرنے کے باوجود جلسے میں شرکت ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مقررہ تاریخ پر خود یا وکیل کے ذریعے الیکشن کمشن پیش ہوں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمشن نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد علی شاہ کی 21 جون کے جلسے میں شرکت اور خطاب قواعد کی خلاف ورزی تھی۔
سندھ ، بلدیاتی الیکشن میں پیپز پارٹی بھاری اکژیت سے کامیاب : زرداری ، بلاول کی مبارکباد
Jun 28, 2022