لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) ناقص ملاٹ شدہ خوراک‘ غیر معیاری دوائیں پنجاب کے عوام کا مقدر نہیں رہیں گی۔ حمزہ شہباز شریف نے ساڑھے تین برس التواء میں رکھے گئے منصوبے ایگریکلچر‘ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو اکتوبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مشینری اور آلات کی خریداری میں تاخیر برداشت نہیں ہو گی۔ بھرتیوں کے عمل کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔ پنجاب میں ملاوٹ شدہ غذا اور ناقص دواؤں کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بڑا فیصلہ لے لیا۔ پنجاب ایگریکلچر‘ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو اکتوبر تک ہر صورت فعال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ناقص خوراک اور دواؤں سے سسکتی زندگیوں پر بھی پچھلی حکومت نے سیاست کی۔ قومی اہمیت کے منصوبے کو بلاجواز التواء میں رکھا گیا۔ ساڑھے تین سال تک منصوبے کو روک کر رکھنے والے قوم کے مجرم ہیں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ التواء میں رکھنے سے اس کی لاگت میں تین ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے نااہل ٹولے نے قومی وسائل کا ضیاع کیا۔ اب غفلت برداشت نہیں ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی انہیں ہر پندرہ دن بعد منصوبے پر پیشرفت سے آگاہ کیا جائے اور وہ خود بھی موقع پر جا کر کام کی رفتار کا جائزہ لیں گے۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق جے یو آئی کے وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور صوبہ میں دونوں جماعتوں کے درمیان مشترکہ طور پر رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ وفد میں مولانا محمد امجد خان، اسلم غوری، ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن، مولانا صفی اللہ، اقبال اعوان، سلیم اللہ قادری، مفتی عبدالحفیظ، افضل خان، نور احمد کاکڑ شامل تھے۔ مولانا حیدری اور حمزہ شہباز شریف میں اس بات پر بھی اتفاق تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو دیوالیہ کرنے اور سیاسی قوتوں کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ملک کی معیشت کی جڑیں ہلا کر رکھ دیں۔