الیکشن کمشن پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 5مخصوص نشتوں پر نو ٹیفیکشن جاری کرے: ہا ئیکورٹ 

Jun 28, 2022


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید نے الیکشن کمشن کو پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے روبرو موقف اختیار کیا کہ ضمنی انتخاب کے لئے الیکشن رولز اجازت نہیں دیتے کہ خالی مخصوص سیٹوں پر تقرر کیا جائے، صرف عام الیکشن میں خالی مخصوص نشستوں پر تقرریاں ہو سکتی ہیں لہٰذا درخواستیں قابل سماعت نہیں ، پی ٹی آئی کے وکیل نے  کہا کہ قانون کے تحت ایسی تقرریاں فوری ہونی چاہئیں،الیکشن لاء کے تحت خالی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی خواتین ہی منتخب ہو سکتی ہیں۔تحریک انصاف کے بیرسٹر علی ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ منحرف ارکان کے ڈی سیٹ  ہونے پر الیکشن کمشن نوٹیفکیشن جاری کرنے کا پابند ہے۔ الیکشن کمشن پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے نوٹیفکشن جاری نہیں کر رہا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے الیکشن کمشن کے اس مؤقف کی حمایت کی کہ 20 نشستیں خالی ہونے سے صورتحال تبدیل ہوئی اور ضمنی الیکشن کے بعد جماعتوں کے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تعداد کے تناسب سے مخصوص نشستیں پُر کی جائیں گی۔ عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔

مزیدخبریں