لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ بجلی میں سٹاف کی کمی دور کرانے تنخواہوں و پنشنوں میں اضافہ کیلئے وفاقی حکومت کے فیصلہ پر عملدرآمد کرانے اور ڈیوٹی پر حادثات سے فوت یا معذور ہونے والے کارکنوں کے ایک بچے، بچی، بیوہ کو فوری طور پر اس کی تعلیمی اہلیت کے مطابق بھرتی کے احکامات کا اجراء کیا جائے گا۔ محکمہ بجلی کے کارکنوں کی فری بجلی کی سہولت بند نہیں کی جا رہی۔ لائن سٹاف کے کام پر حادثات روکنے کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے یہ یقین دہانی خرم دستگیر خان وفاقی وزیر برائے توانائی حکومت پاکستان نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام ایک اجلاس میں محکمہ بجلی کے کارکنوں اور افسران کو خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے یونین کے مطالبہ پر اعلان کیا کہ محکمہ بجلی کو نجکاری کے حوالے نہیں کیا جا رہا۔ اجلاس سے خورشید احمد، ولی الرحمان خان، رانا شہزاد و دیگر نمائندگان اور چودھری محمد امین چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو اور جام محمد ایوب چیف ایگزیکٹو گیپکو نے بھی خطاب کیا۔