نیلوفر بختیار نے لائنز کلبز انٹرنیشنل کنونشن پریڈ میں پاکستانی دستے کی قیادت کی 


 اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) نیلوفر بختیار، چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو نے کونسل جنرل، پاکستان ایمبیسی مونٹریل اشتیاق احمد عقیل کے ہمراہ لائنز کلبز انٹرنیشنل کنونشن کی 154 ملکی پریڈ میں پاکستانی سیکشن کی قیادت کی، اس سال کا یہ کنونشن 24-28 جون 2022 سے کینیڈا کے شہر مونٹریل میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس کنونشن میں بین الاقوامی صدور، افسران، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ معززین نے شرکت کی ہے جو دنیا بھر سے ایل سی آئی کی عظیم وجوہات کے لئے بھرپور شرکت کے اپنے عہد کی توثیق کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ پاکستان میں پورے ملک سے 10 ہزار کے قریب ایل سی آئی ممبر ہیں۔ اس موقع پر مونٹریل میں پاکستانی قونصل خانے نے چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو محترمہ نیلوفر بختیار کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اپنے خطاب میں چیئرپرسن نے پاکستانی خواتین کے کردار اور کامیابیوں کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پالیسی اصلاحات اور قانون سازی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے موجودہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لائنز کلبز انٹرنیشنل کی طرف سے 154 ملکی پریڈ میں ان کے لئے کونسل جنرل کے ہمراہ پاکستان کے دستے کی قیادت کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن