اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت،این این آئی) نادرا نے وزارت صحت کے ساتھ صحت سہولت پروگرام پر معاہدہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نادرا نے قومی صحت کارڈ، صحت سہولت پروگرام کے حوالے سے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اور پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ نادرا پنجاب سے اہل مستفید ہونے والیشہریوں اور خاندانی ڈیٹا کی تصدیق کے لیے مرکزی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم فراہم کرے گا اس سلسلے میں نادرا ، وفاق اور پنجاب کے محکمہ صحت کے حکام کے درمیان نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط ہوئے۔اس نظام کے ڈریعے صوبہ پنجاب کی اہل آبادی کو مقررشدہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت صحت کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بطور ہیلتھ کارڈ کا استعمال کیا جائے گا۔وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے ساتھ اس معاہدے کے تحت نادرا ڈیجیٹل سلوشن پر مبنی نظام فراہم کرے گا۔