اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے اورسیز پاکستانیز کیلئے ووٹنگ کے طریقہ کار پر آئینی ترمیم کے خلاف درخواست مستردکردی۔گذشتہ روزپی ٹی آئی رہنما داد غزنوی کی درخواست پرسماعت کے دوران درخواست گزاروکیل نے کہاکہ اورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم کیا جاتا ہے لیکن دیا نہیں جاتا، قیامت تک اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جائے گا،پارلیمنٹ نے بدنیتی سے اورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ دوبارہ صفر پر پہنچا دیا،چیف جسٹس نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کو بدنیتی نہیں کہا جاسکتا، وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا، عدالت پارلیمنٹ کو قانون سازی کے لیے ہدایات نہیں دے سکتی،امید ہے الیکشن کمیشن اورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے اقدامات کرے گا،چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بہت پیچیدہ معاملہ ہے ووٹ کی سیکیورٹی اور سیکریسی بہت ضروری ہے۔