لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد سابق ہیڈکوچ وقار یونس کیخلاف پھٹ پڑے۔ احمد شہزاد نے سابق ہیڈکوچ کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کردیا۔کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ وقار یونس کی میرے خلاف رپورٹ نے میرا کیرئیر متاثر کیا۔ رپورٹ کو پبلک کیا جائے جس کی بنیاد پر مجھے ٹیم سے باہر رکھا ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی کچھ غلط نہیں کیا میرے پاس بھی اپنے دفاع کے لئے بہت کچھ ہے۔ اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو مجھے اس کا بتایا جائے، سزا دی جائے لیکن کیرئیر کیساتھ کھیلا جا رہا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں احمد شہزاد نے کہا کہ ایک ہی سیریز میں ایک ہی کوچ کے ہوتے ہوئے میں نے ایسا کیا غلط کردیا کہ رپورٹ کا ایک پلندہ تیار کر لیا مجھے خود نہیں پتۃ کہ مجھے کنڈیشنگ کیمپ میں کیوں نہیں بلایا گیا حالانکہ اس کیمپ میں 60 لڑکوں کو بلایا گیا تھا لیکن اس کا درست جواب تو وہی دے سکتے ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کو منتخب کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے سری لنکا کیخلاف آخری سیریز میں پورا موقع ہی نہیں دیا گیا اور باہر کر دیا، ایک میچ میں اوپنر کھلایا دوسرے میں ون ڈاؤن اور پھر پریشر میں آکر باہر کر دیا۔پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں نہ کھیلنے کے حوالے سے احمد شہزاد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میرا گھر ہے، کوئٹہ کی ٹیم نے ہمیشہ اچھی کرکٹ کھیلی ہے، چیمپئنز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا لیکن اتار چڑھاؤ آتے ہیں، امید ہے کہ اب ایک بار پھر کوئٹہ ٹیم مثالی کرکٹ کھیلے گی۔