لاہور‘ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرین مارچ کا بنیادی مقصد ملک کے مجبور عوام کی ترجمانی ہے۔ مہنگائی کی وجہ وسائل کی کمی نہیں، بیڈگورننس، کرپشن اور سودی نظام ہے۔ جماعت اسلامی سیاست نہیں، قوم کی حقیقی آواز گونگے بہرے حکمرانوں تک پہنچا رہی ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے اسمبلی میں پیش کیے جائیں۔ وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف فیصلہ دے دیا، سود آئین پاکستان کے مطابق ناجائز ہے، اگر امریکا اور یورپ اپنے آئین کے پابند ہیں، تو ہم عالمی مالیاتی اداروں سے لاء آف لینڈ کے تحت معاہدے کیوںنہیں کر سکتے۔ جب تک سودی معیشت کی صورت میں حکمران اللہ تعالیٰ سے جنگ جاری رکھیں گے، بہتری نہیں آ سکتی۔ عوام بہت قربانی دے چکے، اب جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی قربانی کا وقت آ گیا۔ قوم بیدار ہو چکی اور حکمرانوں سے حساب مانگ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور ریلوے سٹیشن میں میڈیا کے نمائندوں اور کارکنان جماعت اسلامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہدنے کارکنان کی کثیر تعداد کے ہمراہ امیر جماعت کا ٹرین مارچ کے تیسرے روز لاہور سٹیشن پہنچنے پر استقبال کیا۔ رحیم یارخان سے ہفتہ کی صبح شروع ہونے والے ٹرین مارچ کا اختتام پیر کی رات راولپنڈی میں ہو ا جہاں امیر جماعت نے ہزاروں کارکنان سے خطاب کیا۔ تیسرے مرحلے میں امیر جماعت نے گوجرانوالہ، گجرات، لالہ موسیٰ، گوجر خان کے ریلوے سٹیشنز پر موجود استقبال کے لیے آنے والے کارکنوں سے بھی خطاب کیا۔لاہور سے ٹرین مارچ کے آغاز سے قبل امیر جماعت نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سٹیٹ بنک اور دیگر بنکوں کی جانب سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے نتیجہ میں پیدا ہونی والی صورت حال کا جائزہ اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔لاہور ریلوے سٹیشن پرخطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے واضح کیا کہ حکومت کے کہنے پر مرکزی بنک کا سود کے خلاف فیصلہ کو چیلنج کرنا ایک غیر آئینی اقدام، جس کی جماعت اسلامی بھرپور مذمت کرتی ہے اور اسے کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں۔ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام رائج ہوا تو ہی حقیقی خوشحالی آئے گی۔ سودی معیشت اور سود خوروں سے چھٹکار حاصل کرنا ہو گا۔ جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی۔حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہوگئی ہیں اب ملک میں اسلامی نظام آئے گا پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان جھوٹ اور الزامات کا مقابلہ جاری ہے۔ آئی ایم ایف کی تابعداری میں غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنانے والوں کا یوم حساب قریب آگیا۔ کڑا احتساب ہوا تو ان حکمرانوں کی اکثریت جیلوں میں ہو گی، پی ڈی ایم شہباز شریف اور انکے ساتھیوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہنگائی ، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف نکالی گئی ٹرین مارچ کے گوجرانوالہ پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی امیر جاوید احمد قصوری، ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا ، سابق جنرل سیکرٹری بلال قدر ت بٹ ،ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی ، جاوید اقبال ،علی رضا حسنی ،حاجی منشاء مغل، حافظ حمید الدین اعوان ، بشارت علی صدیقی ، فرقان عزیز بٹ ، خرم سلیم کھوکھر ، ڈاکٹر محمد شریف گجر ، حافظ ضیا الحق ، حاجی فیض الحق ، میاں محمد یوسف ، عدنان انصاری ، یوسف بٹ سمیت دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا‘ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور جماعت اسلامی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے وفاداروں کے جابرانہ اور ظالمانہ اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔ عوام حق کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کے دن گنے جاچکے،ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔
ٹرین مارچ