لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ماحولیات اور تحفظ کی بقاء کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ اس سلسلے میں 57 جامعات کے اشتراک سے ماحول کے تحفظ اور بقاء کے لیے قائم ہونے والا کنسورشیم خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں مصنوعی بارش کے ذریعے زرعی آبادکاری کے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے منصوبے میں حکومتِ پنجاب خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں طلباء سوسائٹیز کا قیام احسن اقدام ہے۔ ان طلباء سوسائٹیز سے طلباء و طالبات کی کردار سازی کے ساتھ ساتھ ان کی قائدانہ صلاحیتیں بھی اجاگر ہوں گی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے دورہ کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کے مختلف امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے وائس چانسلر کے ہمراہ بغداد الجدید کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا۔ گورنر نے ایمفی تھیٹر سولر پارک،کالج آف نرسنگ کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلباء سوسائٹیز کے 400 ارکان سے حلف لیا اور سال 2021ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 9 طلباء وطالبات کو رول آف آنر ایوارڈ سے نوازا۔
گورنر پنجاب
تحفظ ماحول کیلئے 57 جامعات کا مشترکہ کنسورشیم خوش آئند: گورنر پنجاب
Jun 28, 2022